لاہور (ا ین این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونیوالی معصوم زینب کے قاتل عمران کی سزا ء کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کر لی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چوہدری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپیل کی سماعت کی۔عدالتی سماعت کے موقع پر زینب کے والد حاجی امین بھی پیش ہوئے ۔
مجرم عمران کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دوران ٹرائل عدالت کا قیمتی وقت بچانے کے لئے عدالت کے سامنے اقرار جرم کیا ،ترقی یافتہ ممالک میں اقرار جرم کرنے والے مجرموں کے ساتھ عدالتیں نرم رویہ اختیار کرتی ہیں مگر انسداد دہشت گردی عدالت نے میرے ساتھ نرم رویہ اختیار نہیں کیا اور سزائے موت اور دیگر سزائوں کا حکم سنایا لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سزا میں نرمی کا حکم دیا جائے ۔ دوران سماعت مجرم عمران کے وکیل نے استدعا کی کہ انہیں تیاری کے لئے تین ہفتوں کی مہلت چاہیے ۔ جس پر فاضل عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ منگل تک تیاری کر کے آئیں ورنہ ملزم کی طرف سے سرکاری وکیل فراہم کیا جائے گا ۔عدالت نے اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ۔یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم عمران کو چار مرتبہ سزائے موت، عمر قید، سات سال قید اور 32 لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں۔