اسلام آباد(آئی این پی)آئندہ 3سال کیلئے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب (آج)پیر کو ہوگا۔سینیٹ کااجلاس 2مرحلوں میں ہوگا پہلے مرحلے میں پریزائڈنگ آفیسر یعقوب ناصر نومنتخب سینیٹرز سے حلف لیںگے جبکہ دوسرے مرحلے میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا خفیہ رائے شماری کے ذریعے انتخاب ہو گا جس کے بعد منتخب ہونے والے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ الگ الگ حلف اٹھائیں گے اور سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا جائے گا۔
سینیٹ سیکر ٹریٹ کے مطابق سینیٹ کا اجلاس (آج)پیر کی صبح 10بجے صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے نامزد پریزائڈنگ آفیسر یعقوب ناصر کی زیر صدارت شروع ہوگا، پریزئڈنگ آفیسر یعقوب ناصر نومنتخب سینیٹرز سے حلف لیںگے جس کے بعد سینیٹ کا اجلاس 4بجے تک ملتوی کر دیا جائے گا۔اس دوران چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار 12بجے تک اپنے کا غذات نامزدگی سینیٹ سیکر ٹریٹ میں جمع کروائیں گے جبکہ دن 2بجے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہو گی۔سینیٹ کا اجلاس دوربارہ 4بجے پریزائڈنگ آفیسر یعقوب ناصر کی زیر صدارت شروع ہو گا جس میں پہلے چیئرمین سینیٹ کیلئے الیکشن ہوگا اور کامیاب امیدوار حلف اٹھائے گا۔چیئرمین سینیٹ کا الیکشن مکمل ہو نے کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ہو گا اور کامیاب امیدوار حلف اٹھائے گا۔ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب مکمل ہو نے کے بعد سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا جائے گا۔