اسلام آباد(این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا اپنا کوئی ذریعہ آمدن نہیں ہے ٗ مریم نواز ہی اربوں روپے مالیت کے مے فیئرز فلیٹس کی مالک ہیں ۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں عمران خان نے الزام عائد کیا کہ کرپشن اور چوری کے پیسے سے خریدی گئی خاندان کی جائیدادیں بچانے کیلئے
مریم نواز کی جانب سے سفید جھوٹ بولے گئے ۔عمران خان نے ٹوئٹر پر کچھ دستاویزات شیئر کرتے ہوئے کہاکہ یہ دستاویز شریفوں کے قطری خطوط، ٹرسٹ ڈیڈ اور کیلیبری جیسے تمام جھوٹ بے نقاب کرتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ برٹش ورجن آئی لینڈ کی فنانشنل انوسٹی گشن ایجنسی کی دستاویز سے مکمل طور پر ثابت ہوتا ہے کہ مریم نواز ہی اربوں روپے مالیت کے مے فیئرز فلیٹس کی مالک ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز کا اپنا کوئی ذریعہ آمدن نہیں چنانچہ یہ پیسہ نواز شریف نے چرایا اور بیٹی کے نام پر منی لانڈرنگ کرکے باہر بھجوایا ہے۔خیال رہے کہ موزیک فونسیکا نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی کمپنیوں کی تصدیق کر دی ہے۔ نجی ٹی وی چینل نے موزیک فونسیکا کی مصدقہ دستاویزات دکھا دیں۔ دستاویزات کے مطابق مریم صفدر نیلسن اور نیسکول کی بینی فیشل آنر ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں موزیک فونسیکا سے کی تصدیق شدہ دستاویزات پیش کر دیں جس میں مریم صفدر کو آف شور کمپنیوں کا بینی فیشل آنر کہا گیا ہے۔نجی ٹی وی چینل کے بعد عمران خان کی جانب سے ٹویٹر پر شیئر کی گئی دستاویزات نے پانامہ کیس کو نیا رخ دیدیا ہے اور اس حوالے سے شریف خاندان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔