اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات کی آئندہ ہفتہ کے دوران ملک میں بارش کی پیشگوئی، منگل اور بدھ کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، بالائی پنجاب میں راولپنڈی، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ پیر سے بدھ کے دوران کوئٹہ، ژوب، لاہور، گوجرانوالہ، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر ہوائوں اور
گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں آندھی، گرد آلود ہوائیں چلنے اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، سرگودھا، راولپنڈی، ڈی جی خان ڈویژن اور بالائی فاٹا میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں 13 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔