نیو یارک(آئی این پی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ دبا ئو اوردھمکیوں کے ذریعے پاکستان سے تعاون حاصل نہیں کیا جا سکتا، افغان سفیر کے الزامات مسترد کرتے ہیں،اب پراپیگنڈا مہم بند ہونی چاہیے،افغانستان میں فریقین پرامن تصفیے کیلئے مذاکرات کریں، پاکستان میں دہشت گردی کی لہرختم کردی، کابل اور طالبان کو سمجھ جانا چاہیے کہ دوسرے پر فوجی برتری مسلط نہیں کی جاسکتی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اشرف غنی کی طالبان کو غیرمشروط مذاکرات کی پیشکش کو ضائع نہیں کرنا چاہیے، افغانستان میں فریقین پرامن تصفیے کیلئے مذاکرات کریں، فورسز کی تعداد بڑھانے سے امن کے قیام کی توقع نہیں کی جا سکتی ہے۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی لہرختم کردی، کابل اور طالبان کو سمجھ جانا چاہیے کہ دوسرے پر فوجی برتری مسلط نہیں کی جاسکتی، دبا ئو اور دھمکیوں کے ذریعے پاکستان سے تعاون حاصل نہیں کیا جا سکتا، افغان سفیر کے الزامات مسترد کرتے ہیں اور اب پراپیگنڈا مہم بند ہونی چاہیے۔