اسلام آباد (آئی این پی) پا کستان تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے اپنے 13سینیٹرز وزیر اعلیٰ بلوچستان کے حوالے کر دیئے ، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ سینیٹ کا چیئرمین مسلم لیگ (ن) سے نہ بنے،سینیٹ کا چیئرمین ان کا بن گیا تو یہ نواز شریف کو بچانے کیلئے قانون پاس کرنے کی کوشش کریں گے، بلوچستان کے لوگوں میں احساس محرومی ہے، یہ سنہری موقع ہے کہ چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے بنے،
ہم اپنے 13سینیٹرز وزیراعلیٰ بلوچستان کے حوالے کر رہے ہیں، اب ان کے پاس 21سیٹیں ہو گئی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے پاس 20سیٹیں ہیں۔جب سے پانامہ آیا ہے،(ن)لیگ کرپٹ آدمی کی چوری بچانے کیلئے اداروں پر حملے کررہی ہے،یہ جمہوریت کے نام پر لوٹنے والے ہیں، یہ جواب دینے کے بجائے ہر اس ادارے پر حملہ کرتے ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا غلام نہیں ہے، جمعرات کو بلوچستان ہاؤس میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ میں عبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں، انہوں نے وہ کام کیا جو صرف باہر ممالک میں ہوتا ہے،انہوں نے ان ہاؤس تبدیلی لائی،کاش (ن)لیگ پانامہ میں نام آنے پر نواز شریف کو نکال دیتی تو ہمیں سڑکوں پر نہ آنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کے لوگوں میں احساس محرومی ہے، ان کے جائز مطالبات ہیں اور یہ سنہری موقع ہے کہ چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے بنے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمارے 13سینیٹرزہیں جن میں سے ایک فاٹا کے سینیٹر نے بھی جوائن کیا ہے،ہم 13سینیٹرز وزیراعلیٰ بلوچستان کے حوالے کر رہے ہیں،چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے آنا چاہیے، اب ان کے پاس 21سیٹیں ہو گئی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے پاس 20سیٹیں ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم سب کی کوشش ہونی چاہیے
کہ سینیٹ کا چیئرمین مسلم لیگ (ن) سے نہ بنے، جب سے پانامہ آیا ہے،(ن)لیگ کرپٹ آدمی کی چوری بچانے کیلئے اداروں پر حملے کررہی ہے،یہ جمہوریت کے نام پر لوٹنے والے ہیں، یہ جواب دینے کے بجائے ہر اس ادارے پر حملہ کرتے ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا غلام نہیں ہے، سینیٹ کا چیئرمین ان کا بن گیا تو یہ نواز شریف کو بچانے کیلئے قانون پاس کرنے کی کوشش کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری آج کور کمیٹی کے اجلاس میں بھی فیصلے کئے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے حمایت پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے میٹنگ ہوئی ، ہم نے سب جماعتوں سے گزارش کی ہے کہ اس دفعہ بلوچستان کو موقع دیا جائے، چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہونا چاہیے۔