کراچی (این این آئی)انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کو نقیب اللہ قتل کیس کے تفتیشی افسر مطمئن کرنے میں ناکام، عدالت نے تفتیشی افسرسے آئندہ سماعت پر بی کلاس کئے گئے مقدمات پر رپورٹ طلب کرلی۔انسداددہشتگردی کی خصوصی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت میں ڈی ایس پی قمر سمیت دیگر گرفتار ملزمان کو پیش کیا گیا۔عدالت کے روبرو تفتیشی افسر عابد قائم خانی ہیش ہوئے، عدالت نے تفتیشی افسر سے دوران سماعت استفسار کیا
کہ واقعہ 13 جنوری کو پیش آیا اور اتنی جلدی تحقیقات کیسے مکمل کی گئیں۔عدالت کا تفتیشی افسر سے کہنا تھا کہ نقیب اللہ اور انکے ساتھیوں کو کس جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔عدالتی استفسار پر تفتیشی افسر عدالت کو مطمئن نہ کرسکے جس پر عدالت نے انہیں آئندہ سماعت پر بی کلاس کئے گئے مقدمات پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے سابق ایس ایس پی راو انوار سمیت 11 مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید کارروائی 22 مارچ تک ملتوی کردی