اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے معروف تعلیمی ادارے نیشنل کالج آف آرٹس کی 4طالبات نشہ کرتے رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں، نشہ استعمال کرنے کا اعتراف، ادارے کی انتظامیہ نے کالج سے نکالنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہاسٹل الاٹمنٹ بھی منسوخ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تعلیمی اداروں میں نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کا انکشاف
ا س سے قبل بھی سامنے آچکا ہے اور اس میں نہ صرف لڑکوں بلکہ لڑکیوں کے بھی ملوث ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ روز پنجاب کےصوبائی دارالحکومت لاہور کے معروف تعلیمی ادارے نیشنل کالج آف آرٹس میں پیش آیا جہاں کالج انتظامیہ نے 4طالبات کو نشہ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔نجی ٹی وی سٹی 42کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کالج آف آرٹس کی 4طالبات نشہ کرتے ہوئےکالج انتظامیہ نے پکڑ لیں۔انتظامیہ نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے نشئی طالبات کو کالج سے نکال دیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ انتظامیہ نے کالج کی چار طالبات کو یونیورسٹی سے نکال دیا جن سے منشیات برآمد ہوئی تھیں۔ ان کی ہاسٹل الاٹمنٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ منشیات کے استعمال میں ملوث طالبات نے انتظامیہ کے سامنے نشہ آور اشیاء لینے کا اقرار بھی کر لیا ہے جس کے بعد ان طالبات کے والدین کو آگاہ کیا گیا۔ کالج پرنسپل ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کا کہنا ہے کہ کالج میں طلباء پر سختی بڑھائی جارہی ہے اور اب روز مرہ کی بنیاد پر ہاسٹلز کی چیکنگ کی جائے گی۔جن طالبات سے نشہ آور اشیاء برآمد ہوئی ہیں ان میں سے دو طالبات فورتھ ایئر میں جبکہ باقی دو سیکنڈ ایئر میں زیر تعلیم تھیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کے منشیات استعمال کرنے کے انکشاف پر تعلیمی اداروں میں پولیس چھاپوں کی بھی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔