لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے واضح کیا ہے کہ میں چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا امیدوار نہیں ،پارٹی میں اس معاملے پر بات ہوئی اور میں نے اپنا ووٹ رضا ربانی کے حق میں دیا ہے ،نواز شریف بھی میرے سامنے کئی مرتبہ رضا ربانی کی تعریف کر چکے ہیں کہ سیاست میں اس طرح کے لوگ ہونے چاہئیں ۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ رضا ربانی اور فرحت اللہ بابر کا ایک ایک لفظ کروڑوں پاکستانیوں کی ترجمانی کرتا ہے
اور انہوں نے موجودہ حالات میں جو تجزیہ اور تشخیص کیا ہے وہ بھی سو فیصد درست ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا امیدوار نہیں ہوں ۔ میں ایک سیاسی کارکن ہوں اور میری آکسیجن جلسے جلوس، تقاریر اور نعرے لگانا ہے ۔ مجھے اپنی آواز پاکستانی عوام کی آواز میں شامل کر کے اور ان کے ساتھ نعرے لگا کر تقویت ملتی ہے اور اس سے مجھے روحانی خوشی ہوتی ہے ۔ رضا ربانی آئیدیل ڈیمو کریٹ ہیں وہ آئیڈیل چیئرمین سینیٹ تھے ۔ انہوں نے پارلیمنٹ کو جو عزت اور توقیر دی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے اور ان سے بہتر شخص کوئی ہوہی نہیں سکتا ۔انہوں نے نہ صر ف اپنی کی غلطیوں کو مانا ہے بلکہ یہ بھی کہا ہے کہ یہ آئندہ نہیں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے رضا ربانی کے بطور چیئرمین سینیٹ امیدوار سامنے آنے پر حمایت کے سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے اگر کبھی میرے جماعت نے پوچھا بھی ہے بلکہ پارٹی میں بات ہوئی ہے تو میں نے ان کے حق میں ووٹ دیا ہے ۔ نواز شریف بھی میرے سامنے کئی مرتبہ اقرار کر چکے ہیں کہ سیاست میں اس طرح کے لوگ ہونے چاہئیں اور میاں صاحب ان کی کئی مرتبہ تعریف بھی کر چکے ہیں۔