کوئٹہ ( آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سینئر نائب صدر ملک ابرار اور دیگر نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کااعلان کردیا۔ اس بات کااعلان انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر حاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی اوردیگر کی موجودگی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
ملک ابرار کاکہناتھاکہ ساڑھے چار سال سے مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر کے عہدے پر فائز رہا مسلم لیگ(ن) کی قیادت عوام کی امنگوں پر پورا نہیں اتر سکیں جبکہ مرکزی قیادت کی جانب سے بھی بلوچستان کے عوام کو نظرانداز کیا گیا جبکہ صوبائی وزراء کی جانب سے توجہ نہیں دی گئی ،اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر حاجی علی مدد جتک نے نئے شامل ہونیو الوں کو پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو ،آصف علی زرداری اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پیپلزپارٹی کے جیالوں کے سنگ عوام کی حقوق ،بے روزگاری کے خاتمے اور پارٹی کو فعال بنانے میں کرداراداکرینگے ۔میر حاجی علی مدد جتک کاکہناتھاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے عوام کے حقوق اور ورکرز کو ترجیح دی نئے شامل ہونے والوں کی شمولیت سے پیپلزپارٹی کے پڑے لکھے جیالوں میں ایک اور اضافہ ہوا انہوں نے دعویٰ کیاکہ آئندہ 2018ء کی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے چاروں صوبوں میں حکومت بنائیگی، اقتدار میں آکر بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لائیں گے ۔صحافیوں کے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے میر حاجی علی مدد جتک کاکہناتھاکہ پیپلزپارٹی ورکروں کی جماعت ہے یہاں لیڈر ورکرز بن کر عوام کی خدمت کریں گے ،بلوچستان سے منتخب ہونیو الے آزاد سینیٹرزاپنی مدد آپ کے تحت جیتے ہیں ،
ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی، اگر اس طرح ہے تو پنجاب سے پاکستان تحریک انصاف اور خیبرپشتونخوا میں مسلم لیگ کو بھی ووٹ ملے۔ انہوں نے کہاکہ بہتر انداز میں حلقہ بندیاں ہوئی ہیں جس کے تحت کوئٹہ کی سیٹوں میں 3اضافہ ہواہے انہوں نے کہاکہ حلقہ بندیاں آبادی کی لحاظ سے ہوئی ہے تاہم اگراعتراض ہوا تواحتجاج کرینگے ۔