اسلام آباد(این این آئی) الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ پر کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔سینیٹ انتخابات کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگایا گیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کی ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف بھی کیا ہے۔میدیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے
خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ایک علامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق سینیٹ انتخابات کے بعد مختلف پارٹی قائدین اور اراکین کے بیانات شائع ہوئے جس میں ہارس ٹریڈنگ کی بات کی گئی۔الیکشن کمیشن اعلامیے میں کہا گیا کہ سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگانے والے ثبوت کے ساتھ 14 مارچ کو پیش ہوں تاکہ مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔