اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ لانے کیلئے کوششیں تیز کردیں جبکہ فاٹا کے ایک نومنتخب آزاد سینیٹر نے بھی (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سینیٹ انتخابات کے بعد اب پیپلزپارٹی کے ساتھ ساتھ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے مسلم لیگ (ن) نے بھی سرتوڑ کوششیں تیز کر دی ہیں اس سلسلے میں چوہدری منیر کے گھر پر ہونے والے غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مریم اورنگزیب، مصدق ملک اور دیگر پارٹی رہنما شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے مشاورت کی گئی جبکہ دونوں عہدوں کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا گیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اپوزیشن سے رابطوں کے لیے کمیٹی قائم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔دوسری جانب فاٹا سے تعلق رکھنے والے نومنتخب آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے نوازشریف سے ملاقات کی اور (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔