اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے داخلہ اور منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ افغانستان کی سی پیک میں شمولیت کا خیر مقدم کریں گے‘ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ احساس ہونے کے بعد بھارت بھی سی پیک کے حوالے سے جلد اپنا موقف تبدیل کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خطہ کی جیو پولیٹکس سے نکل کر جیو اکنامکس میں داخل ہونا ہے ۔
ہمارا مستقبل اقتصادی قوت سے وابستہ ہے ۔احسن اقبال نے کہا کہ مغربی روٹ سی پیک کا مین روٹ ہے جس سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے دورافتادہ علاقے ترقی کے نئے دور میں داخل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی کو اجلاسوں میں شرکت کے بعد سی پیک منصوبے کو جاننے کا موقع ملا ہے ۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سی پیک منصوبے پر ہمارے ساتھ یکسوئی کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔