اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں تعینات جرمن سفیر پاکستانیوں کی ہر دلعزیز شخصیت بنتے جا رہے ہیں، دوروز جرمن سفیر کی لاہور کے ایک عام سے ریسٹورنٹ میں بلاخوف وخطر کھانا کھانے کی تصاویر سامنے آچکی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جرمن سفیر ایک عام سے ریسٹورنٹ میں بلا خوف و خطر مزیدار بریانی تناول کر رہے ہیں۔ جرمن سفیرعام پاکستانیوں میں گھل مل جاتے ہیں
اور ٹھیلے والوں کے پاس رک کر خریداری بھی کرتے ہیں۔ بغیر پروٹوکول اور سکیورٹی جرمن سفیر کی بے تکلفی سوشل میڈیا پر بہت پسند کی جا رہی ہے ۔ لاہور کے عام سے ریسٹورنٹ میں بریانی کھانے کی تصاویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے جرمن سفیر نے اپنے پیغام میںنہ صرف بریانی کی تعریف کی بلکہ اس کی مناسب قیمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بڑی پلیٹ صرف 100 روپے میں ملی ہے۔ جرمن سفیر کی ابھی بریانی کھانے کی تصاویر ہی سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے گزشتہ روز ایک اور کام کر کے پاکستانیوں کو نہ صرف حیران کر دیا بلکہ پاکستانیوں کے دلوں میں گھر کر گئے ہیں۔ ان کی ویڈیو دیکھ کر پاکستانی انہیں بہت زیادہ سراہ رہے ہیں۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جرمن سفیر کے ایک فالوور نے انہیں پنجاب میں اپنے فارم ہائوس میں آنے کی دعوت دی تو جرمن سفیرنے حیران کن طور پر انہوں نے ناصرف دعوت قبول کر لی بلکہ وہاں جان کر بھینس کا دودھ بھی دوہا۔انہوں نے پاکستان کے فارم ہاؤس پر جانے کی تصاویر شیئر کرنے کے علاوہ ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہیں بھینس کا دودھ دوہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ”میں نے بھینس کا دودھ دوہا۔ کیا تجربہ تھا! کیا آپ نے کبھی بھینس یا گائے کا دودھ دوہا ہے؟“