اسلام آباد (سی پی پی) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کے اعزاز میں الوداعی تقریب(آج) منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی جس کا اہتمام سینیٹ سیکرٹریٹ اور پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا جارہا ہے ۔ الوداعی تقریب میں ارکان پارلیمنٹ اور پی آر اے کے مرکزی عہدیداران شرکت کریں گے۔تقریب میں مقررین چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کے بطور چیئرمین سینیٹ کردار اور ان کی طرف سے نئی روایات متعارف کرانے
کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔بلاشبہ میاں رضا ربانی نے اپنے تین سالہ دور میں بطور چیئرمین ،سینیٹ کو بطور ادارہ مستحکم کرنے اور اسے فعال بنانے کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے سینیٹ کے فورم کو وفاق پاکستان کی چاروں اکائیوں کی یکجہتی اور اتحاد کے حوالے سے انتہائی موئثر انداز میں فعال کیا اس کے علاوہ سینیٹ اجلاس کا آغاز بروقت کرنے کے حوالے سے بھی انہوں نے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔