اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر موسمیات مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ شجر کاری مہم فروری کے مہینے میں شروع ہوتی ہے،5 ہزار گھروں میں اس حوالے سے اقدامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں 600 درخت لگائے جاچکے ہیں ،پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی،پاکستانی قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے ،عمران خان کے اپنے لوگ کے پی کے میں بک گئے،پیپلزپارٹی کو بھٹو صاحب کی روح کا سوچنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر موسمیات اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے گزشتہ روز میڈیا سے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور شجر کاری بڑی مشکل سے ہوتی ہے،جمہوریت کے درخت کو پانی دینے کی ضرورت ہے کاٹنے کے نہیں،شجر کاری مہم فروری کے مہینے میں شروع ہوتی ہے،5 ہزار گھروں میں اس حوالے سے اقدامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں 600 درخت لگائے جاچکے ہیں اور اس میں مزید تیزی لائی جارہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نواز شریف کے ساتھ اس طرح کھڑی ہے جس کی مثال نہیں ملتی،پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی جبکہ سندھ اور کے پی کے میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی ،عمران خان کے اپنے لوگ خیبرپختونخوا ہ میں بک گئے ۔پیپلزپارٹی کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو بھٹو صاحب کی روح کا سوچنا چاہیے،پیپلزپارٹی کے اس اقدام سے ایان علی خوش ہوگی محترمہ بے نظیر بھٹو نہیں ۔