اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ائیرپورٹ پر پاک فوج کے جوان نے عاصمہ جہانگیر کو سلیوٹ کیا، نجی ٹی وی نیو نیوز کے معروف اینکر احمد قریشی معروف وکیل عاصمہ جہانگیر کا ایک دلچسپ واقعہ سامنے لے آئے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی نیو نیوز کے اینکر معروف وکیل عاصمہ جہانگیر مرحومہ کا ایک دلچسپ واقعہ سامنے لے آئے ہیں ۔ احمد قریشی نے بتایا کہ
یہ 2004کی بات ہے جب اسلام آباد کے ائیرپورٹ چین سے ایک سرکاری وفد پاکستان پہنچا تھا۔ اس وقت پاک فوج کے جوانوں کی بھی ائیرپورٹ پر ڈیوٹی لگائی گئی تھی اور پاک فوج کا ایک کیپٹن ائیرپورٹ سے باہر جانے والے خارجی دروازے پر تعینات تھا ۔ اسی دوران عاصمہ جہانگیر بھی سفر کر کے پاکستان پہنچی تھیں اور وہاں سارے مراحل سے گزرنے کے بعد جیسے ہی خارجی دروازے سے باہر نکلنے لگیں تو وہاں تعینات پاک فوج کے کیپٹن نے انہیں سلیوٹ پیش کیا جس پر عاصمہ جہانگیر حیران رہ گئیں اور پاک فوج کے کیپٹن سے استفسار کیا کہ یہ تو آپ کے ایس او پیز (قواعد و ضوابط)کے خلاف ہے کہ ایک فوجی کسی عام شہری کو سلیوٹ پیش کرے ، پاک فوج کا جوان سلیوٹ اپنے سینئر افسران کو کرتا ہے پھر آپ نے مجھے کیوں سلیوٹ کیا؟عاصمہ جہانگیر کی بات سن کر سلیوٹ کرنے والے پاک فوج کے کیپٹن نے جواب دیا کہ آپ کی بات درست ہے کہ پاک فوج کا جوان کسی عام شہری کو سلیوٹ پیش نہیں کرتا لیکن پاک فوج کا جوان ایک ماں کو تو سلیوٹ کر سکتا ہے۔پاک فوج کے کیپٹن کی اس بات پر عاصمہ جہانگیر اتنی متاثر ہوئیں کہ اس نوجوان کو گلے لگا لیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک کی معروف قانون دان اور صف اول کی خاتون وکیل ، سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر دل کا دورہ پڑنے سے گھر میں انتقال کر گئی تھیں۔