اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر آج لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں اس موقع پر معروف شخصیات انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کر رہی ہیں۔ سینئر صحافی و اینکر پرسن حامد میر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا ایک قصہ سنایا جو ان کی محنت اور لگن کا ثبوت ہے۔ حامد میر نے بتایا کہ کچھ سال پہلے ان کی طبیعت بہت خراب تھی لیکن ایک بچی کے قتل کیس میں اس کے خاندان کو انصاف دلانے کیلئے وہ پہاڑی علاقے میں گئیں
علالت کے باعث پہاڑی علاقے میں پیدل سفر کرتے ہوئے ان کا سانس پھول جاتا طبیعت بگڑ جاتی لیکن وہ ثابت قدم رہیں اور اس بچی کو انصاف دلایا۔واضح رہے کہ انہیں گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال داخل کرایا گیا تھا لیکن ان کی طبیعت سنبھل نہیں سکی ۔ان کی عمر 66برس تھی ۔وہ 1952میں لاہور میں پیدا ہوئی تھیں۔ان کے انتقال کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی ۔۔ان کے انتقال پر صدر ،وزیر اعظم ،چیف جسٹس سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ہے۔