فیصل آباد(این این آئی)ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے ایک مشہور برانڈ کے ملبوسات اسٹور کے خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے 4 رکنی انسپکشن کمیٹی بنادی۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق کمیٹی تمام شاپنگ مالز کی انسپکشن کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔واضح رہے کہ 2 روز قبل پیپلز کالونی میں ایک غیرملکی ملبوسات برانڈ کے خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمرہ لگائے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔
ایک فیملی کے سربراہ نے انتظامیہ سے شکایت کی جبکہ اپنے موبائل فون میں اْس کیمرے کی تصویر بھی دکھائی تاہم اسٹور انتظامیہ نے اس کا موبائل فون ہی چھین لیا تھاجس پر خریدار نے پولیس کو شکایت کی تھی جس کے بعد پولیس نے مذکورہ اسٹور پر چھاپہ مار کر 2 ملازمین کو گرفتار کرلیا تھا۔دوسری جانب اسٹور مالک اور مینیجر سمیت 4 افراد کے خلاف واقعہ کا مقدمہ درج کیا گیا اور بعدازاں اسٹور مینیجر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
تاہم مقدمے میں نامزد اسٹور مالک سمیت 2 ملزمان اب تک فرار ہیں۔گرفتار ملزمان سے تفتیش کے بعد بھی پولیس کوئی قابل ذکر معلومات حاصل نہیں کرسکی۔دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے تمام اسٹورز کی چیکنگ کا فیصلہ کیا ہے اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر 4 رکنی انسپکشن کمیٹی بنادی گئی ہے۔خفیہ کیمروں کا کیسے پتہ لگائیں؟