اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے مردان کی اسما کے ڈی این اے میچ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے پنجاب فرانزک لیب سے موصول ہونے والی رپورٹ کے پی حکومت کے حوالے کر دی ہے۔ اس موقع پر رانا ثنا اللہ نے خیبرپختونخواہ پولیس اور تحریک انصاف کے رہنمائوں
کی جانب سے کے پی پولیس کی بے جا حمایت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنوں جیل ٹوٹنے سے لیکرمیڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل تک خیبرپختونخواہ پولیس کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ تحریک انصا ف کے چیئرمین اور دیگر رہنما خواہ مخواہ راگ الاپتے رہے اور اس قدر جھوٹ بولتے ہیں کہ وہ سچ لگنے لگ جاتا ہے۔ اس موقع پر رانا ثنا اللہ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت منشیات ، گاڑیوں کی چوری اور دیگر غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہے مگر عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنما اس سے متعلق بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا کہ پنجاب سے چوری ہونے والی تمام گاڑیاں خیبرپختونخواہ لے جائی جاتی ہیں اور تھانوں کے ساتھ کھڑی کی جاتی ہیں اور پھر مالکان کو فون کر کے اس کے بدلے پیسے طلب کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے عاصمہ رانی قتل کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور کے پی حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مقتولہ کی بہن نے خود بیان دیاہے کہ عاصمہ رانی اپنے قاتل مجاہد آفریدی کے چچا جو کہ تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب عالم ہیں کو فون کر کے ا س کے بھتیجے سے متعلق آگاہ کرتی رہی مگر کسی نے اس کی بات نہیں سنی۔ قتل کے بعد بجائے اس کے پارٹی سطح پر آفتاب عالم سے وضاحت طلب کی جاتی تحریک انصاف والوں نے پولیس کی بے جاحمایت شروع کر دی اور مقامی پولیس کے ایس ایچ او ، ایس پی تک سے پوچھا نہیں گیا۔