پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا کی پولیس نے میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری کیلئے سعودی انٹرپول سے مدد مانگ لی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے
سعودی عرب میں انٹرپول سے عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری میں تعاون کی اپیل کی ہے۔ایف آئی اے کی جانب سے انٹرپول کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ ملزم مجاہد اللہ آفریدی کو ڈھونڈ کر گرفتار کرنے اور وطن واپس بھیجنے میں تعاون کیا جائے۔خیال رہے کہ چند روز قبل کوہاٹ میں تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب عالم کے بھتیجے نے رشتے سے انکار پر ایبٹ آباد میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ رانی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ملزم مجاہد اللہ میڈیکل کالج کی طالبہ کو قتل کرنے کے فوری بعد بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے سعودی عرب فرار ہو گیا تھا۔دوسری جانب عاصمہ رانی کی بہن نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ مجاہد اللہ آفریدی کی جانب سے دھمکیوں کا پولیس حکام اور آفتاب عالم کو علم تھا۔ خیبر پختونخوا پولیس کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سعودی عرب میں انٹرپول سے عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری میں تعاون کی اپیل کی ہے۔