لاہور ( این این آئی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کی سربراہی میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ کیلئے نامزد امیدوارکی بھرپور حمایت، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، (ق) لیگ اور آزاد امیدواروں سے سینیٹ میں ووٹ لینے کیلئے رابطے تیز کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزپنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی ا اجلاس ہوا، میاں محمودالرشید کی زیر صدارت اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی احمد خان بچھڑ،
اعجاز بخاری، جازی خان، حاجی وحید اصغر ڈوگر، ملک تیمور مسعود، عارف عباسی، احمد رضا دریشک، آصف محمود، راجہ راشد حفیظ، علی سلمان، ممتاز مہاروی، ڈاکٹر مراد راس، جہانزیب کچھی، ڈاکٹر صلاح الدین،سعدیہ سہیل رانا، ڈاکٹر نوشین حامد،شنیلہ روتھ نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینیٹ انتخابات پر تفصیلی مشاورت کی گئی اورسینیٹ کیلئے نامزد چودھری سرور کی بھرپور حمایت کا فیصلہ کیا گیا، اس سلسلے میں اراکین اسمبلی کو پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، ق لیگ اور آزاد امیدواروں سے سینیٹ میں ووٹ لینے کیلئے رابطے تیز کرنیکا ٹاسک دیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں56کمپنیوں میں کرپشن سمیت دیگر اہم امور بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے امید ظاہر کی کہ پنجاب کی دیگر سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدوار بھی سینیٹ میں پی ٹی آئی کوسپورٹ کرینگی اس سلسلے میں آئندہ چند روز کے دوران پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور ق لیگ کی پارلیمانی لیڈرز اور انکی مرکزی قیادت سے ملاقات کی جائیگی۔ انکا کہنا تھا کہ شہباز شریف کوخادم پاکستان بننے کا شوق ہے لیکن ایوان میں آنے کا نہیں ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ ایوان میں آئیں اور منصوبوں میں مالی بے ضابطگیوں پر وضاحت کریں نیز شہباز شریف سربراہ ن لیگ میاں نواز شریف کی جانب سے جاری عدلیہ مخالف تحریک پر اپنی پوزیشن واضح کریں۔