اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور کی سیشن کورٹ میں گولیاں چل گئیں، دو گروہوں میں مسلح تصادم، کانسٹیبل سمیت دو افراد جاں بحق، سیشن کورٹ کے تمام دروازے بند کر دئیے گئے، ملزم کی تلاش کیلئے پولیس کا سرچ آپریشن۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں
جبکہ ایک شخص زخمی ہے۔ پولیس نے سیشن کورٹ کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر کے ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان عدالت کی عمارت میں ہی چھپے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس پیشی کیلئے دو افراد کو عدالت لائی تھی جہاں مخالف فریق کے لوگوں نے ان افراد پر فائر کھول دئیے جس کی زد میں آکرپولیس کانسٹیبل اور ایک زیر حراست ملزم جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ دوسرا زخمی ہے۔ اس وقت لاہور سیشن کورٹ کے تمام داخلی و خارجی راستے بند ہیں اور پولیس نے اندر موجود لوگوں کو باہر نکلنے سے بھی روک رکھا ہے جبکہ مسلح ملزمان کی تلاش کیلئے عمارت کے مختلف حصوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے سیشن کورٹ کی عمارت کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت عمارت کے اندر پولیس کے اہلکار ملزمان کو ڈھونڈنے اور پکڑنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی آپریشن مکمل کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا تاہم ابھی تک کسی ملزم کے نہ تو گرفتار اور نہ ہی مقابلے میں مارے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔