لاہور(آئی این پی) سینیٹ الیکشن رکوانے میں ناکامی کے بعد تحریک انصاف کو سینیٹ انتخابات کی فکر ہونے لگی‘تحر یک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے لیے جوڑ توڑ شروع کر دیا۔پاکستان تحریک انصاف سینیٹ کے انتخابی میدان میں کودنے کو تیار ہے اور اسکے لیے جوڑ توڑ شروع کر دیا، سینیٹ انتخاب کے لئے پارلیمانی لیڈرز نے مشاورتی اجلاس بھی طلب کر لئے ہیں پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب میں کم ووٹ کے باوجود سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا
فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب میں تحریک انصاف کے 30 ارکان ہیں اور تحریک انصاف پنجاب میں اکیلے سینیٹ کی سیٹ نکالنے کی پوزیشن میں بھی نہیں ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو سینیٹ کی سیٹ حاصل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق سے اتحاد کرنا پڑے گا اورمتحدہ اپوزیشن ملکر ہی پنجاب میں سینیٹ میں کوئی نشست حاصل کر سکتی ہے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے اس حوالے سے دونوں جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز سے رابطہ بھی کیا ہے، سینیٹ الیکشن کے لیے متفقہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔