اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کی مبینہ مداخلت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹ کے آئندہ انتخابات کیلئے حکمت عملی تشکیل دیدی ہے۔ذرائع کے مطابق منگل کو سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی
زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال ، سینیٹ کے آئندہ انتخابات ، احتساب عدالت میں شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کیس ، سپریم کورٹ میں نا اہلی کی مدت کے تعین سے متعلق آرٹیکل 62 ون ایف دائر درخواستوں کی سماعت ، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو عدالت عظمیٰ کی جانب سے دیئے گئے نوٹس سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران سینیٹ انتخابات کیلئے حکمت عملی بھی تشکیل دی گئی اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے بلوچستان اسمبلی میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی مبینہ مداخلت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری مخالف ہتھکنڈوں سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے صوبوں میں سینیٹ انتخابات میں بہتر نتائج کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں۔ بلوچستان کی کمیٹی میں سردار یعقوب خان ناصر، عبدالقادر بلوچ، افضل مندوخیل جبکہ خیبرپختونخوا کی کمیٹی میں انجینئر امیر مقام، سردار مہتاب خان عباسی اور عباس آفریدی شامل ہیں۔