دالبندین (این این آئی)بلوچستان کے علاقے دالبدین میں ضلعی عہدیدار کی جانب سے داڑھی پر ڈیزائن بنانے کے حوالے سے لگائی گئی پابندی کو فوری طور پر اٹھا لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر دالبدین حبیب اللہ مندوخیل کی جانب سے گزشتہ روز ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں داڑھی پر ڈیزائن بنانے کے حوالے سے پابندی عائد کردی گئی تھی۔نوٹیفکیشن میں کہا تھا گیا کہ اہلیانِ دالبندین سے درخواست کی جاتی ہے کہ سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے تمام حمام مالکان کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ اس ڈیزائن والی داڑھی ہرگز نہ بنائیں، اس عمل پر مکمل پابندی ہے۔اسسٹنٹ کمشنر دالبندین کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ اس نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر دالبدین کی جانب سے اسی روز ایک اور نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں مذکورہ پابندی کو اٹھانے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ داڑھی میں ڈیزائن بنانے کے حوالے سے پابندی کو اٹھا لیا گیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر کیا جارہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر دالبندین حبیب اللہ مندوخیل نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داڑھی پر ڈیزائن بنانے کے حوالے سے پابندی عائد کرنا میرے دائرہ اختیار میں نہیں، اسی وجہ سے پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لیا گیا۔