اسلام آباد / راولپنڈی(سپیشل رپورٹ)رائو انوار کے سر کی قیمت مقرر کرنے والا ملزم راولپنڈی سے گرفتار، آج راولپنڈی سے کراچی منتقل کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نقیب اللہ محسود قتل کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے معطل ایس ایس پی ملیر رائو انوار کی گرفتاری کی مہلت آج ختم ہو گئی ہے۔ نقیب اللہ محسود سمیت چار افراد کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے والے ملزم روپوش
معطل ایس ایس پی رائو انوار کے سر کی قیمت مقرر کرنے والے شخص سلیم جعفر کو پولیس نے راولپنڈی سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم سلیم جعفر نے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر راؤ انوار کے سر کی قیمت پچاس لاکھ روپے مقرر کی تھی۔ سپریم کورٹ میں نقیب اللہ محسود از خود نوٹس کیس سماعت کے موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی توجہ اس ویڈیو کی جانب مبذول کرائی تھی اور سوال کیا تھا کہ کیا انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو دیکھی ہے؟ مائیک پر آئیں اور سب کو بتائیں کہ وہ کیا ہے۔جس کے بعد پولیس کے اعلیٰ حکام نے نوٹس لے کرکارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ایس پی ذوالفقار مہر کی سربراہی میں ایس ایس پی عابد قائم خانی، ڈی ایس پی ازل نور، انسپکٹر راجہ مسعود اور دیگر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی۔ملزم کو آج راولپنڈی سے کراچی لایا جائے گا، سلیم جعفر کے غیرقانونی اعلان پر کراچی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سلیم جعفر کو آج صبح راولپنڈی کی ماتحت عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ملزم سے متعلق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ملزم راولپنڈی کے علاقے خیابان سرسید میں عرصہ دراز سے ایک سنوکر کلب بھی چلا رہا ہے جس کی شہرت اچھی نہیں، بتایا جاتا ہے کہ ملزم کو مقامی سیاسی شخصیت کی بھی پشت پناہی حاصل ہے
جبکہ مقامی پولیس تھانے میں بھی ملزم کا اثر و رسوخ بتایا جاتا ہے ، ملزم کے سنوکر کلب پر جوئے کی اطلاع پر متعدد مرتبہ پولیس کا ریڈ بھی ہو چکا ہے مگر پولیس اس کے خلاف کچھ ثابت نہیں کر سکی۔