اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)زینب کی تدفین کے بعد اچانک قصور شہر میں ہونیوالی ہنگامہ آرائی دو روز کے بعد تھم چکی ہے اور حالات معمول پر آنے لگ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ننھی زینب سے زیادتی کے بعد قتل کے خلاف دو روز سے جاری شٹر ڈائون ہڑتال اور جلائو گھیرائو کا سلسلہ تھم گیا ہے ، شہر بھر میں ٹرانسپورٹ چل پڑی ہے تاہم جمعہ کے روز کاروباری تعطیل کے باعث بڑی مارکیٹیں اور دکانیں بند ہیں۔ اطلاعات کے مطابق
صبح کے وقت شہری احتجاج کےلیے ڈی ایچ کیو اسپتال کے باہر جمع ہونا شروع ہوئے لیکن رینجرز اور خصوصی پولیس اینٹی رائٹس فورس کی بھاری نفری اسپتال پہنچ گئی اور شہریوں کو منتشر کردیا۔ شہر بھر میں رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی اور رینجرز کے فلیگ مارچ کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔ میونسپل عملہ شہر بھر کی صفائی کے کام میں مصروف ہو چکا ہے جبکہ جلی ہوئی گاڑیوں کے ڈھانچے تاحال سڑکوں پر ہی موجود ہیں۔