اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی رات کے اندھیرے میں ننھی شہیدہ زینب کے گھر آمد، والدین کو قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی، آمد خفیہ رکھی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب
شہباز شریف کی اندھیرے میں صبح صادق تقریباََ 5بجے قصور کی ننھی شہیدہ زینب کے گھر آمد، شہباز شریف کی آمد کو انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب جب فجر کی نماز سے قبل انتہائی خفیہ مقتولہ زینب کے گھر پہنچے تو اس موقع پر وہاں سوگوار خاندان کے افراد کے علاوہ دیگر اہل محلہ میں سے بھی چند لوگ موجود تھے جب کہ شہیدہ کے والد بھی وہاں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت اور ترجمان پنجاب حکومت بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے سوگوار خاندان سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔ شہباز شریف نے ننھی زینب کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور درندہ صفت انسان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مقتولہ زینب کے والد کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ چاہے جیسے بھی ہو زینب کے قاتل جلد سے جلد گرفتار کر لئے جائیں گے اور انہیں کڑی سزا دلوائی جائے گی۔ اس موقع پر زینب کے والدین ہراس و یاس کی تصویر نظر آئے۔