اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق تاحال تبصرے جاری ہیں، مخالفین طنز اور تنقید کے نشتر برسا رہے ہیں تو صحافتی حلقوں میں کچھ لوگوں نے تو باقاعدہ عمران خان کی بشریٰ بی بی سے شادی کی تصدیق تک کر دی ہے۔ غرض ہر شعبہ زندگی سے
متعلق لوگ اس وقت عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی کو لے کر کوئی نہ کوئی بات کرتے نظر آتے ہیں۔ ایسے میں مذہبی سکالر مفتی عبدالقوی بھی پیچھے نہیں، موصوف نے مذہبی حلقوں کی نمائندگی کا گویا حق ادا کرتے ہوئے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر محترم، محترمہ اور نکاح خواں خاموش ہوں تو یہ رضامندی کی دلیل ہے۔ مفتی عبدالقوی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیک اور صالحہ محترمہ کا خان صاحب کی زندگی میں آنا دونوں کے لیے اعزاز ہے۔ مفتی عبدالقوی نے اس موقع پر مفتی سعید سے متعلق بھی بات کی اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی کے حوالے سے مفتی سعید کی خاموشی کو بھی خوشخبری کی دلیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر مفتی صاحب سے سوال ہو اور وہ خاموش رہیں تو یہ بھی خوشخبری کی دلیل ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان کی اپنی روحانی پیشوا بشریٰ بی بی کے ساتھ شادی کی خبر بریک کرنے والے جنگ اور جیو گروپ کے صحافی عمر چیمہ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ دونوں کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا ہے ۔