کراچی( آن لائن )معروف شیف اور ماہر امور خانہ داری زبیدہ آپا طویل علالت کے بعد گذشتہ رات انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی خبر ان کے بھائی انور مقصود نے دی ۔ زبیدہ آپا کے انتقال کی خبر ملتے ہی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے خوبصورت لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونا شروع گئیں۔ سوشل میڈیا پر خود زبیدہ آپا کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی جو غالبا ان کی انتقال سے قبل آخری ویڈیو تھی ۔
اس ویڈیو میں انہوں نے سب کو سال 2017 کے آخر میں نئے سال کی مبارک دی۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کراچی والوں کو کراچی کو صاف ستھرا رکھنے کی بھی تلقین کی اور کہا کہ جتنا ہو سکے کراچی کو صاف رکھیں تاکہ آنے والے لوگ کہیں کہ کراچی کتنا خوبصورت ہے۔ اپنے اس ویڈیو پیغام میں زبیدہ آپا نے تعلیم پر توجہ دینے
اور گورنمنٹ اسکولز کو ٹھیک کروانے کی بھی ہدایت کی تاکہ ہر بچہ تعلیم حاصل کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ کاش 2018 اتنا خوبصورت آئے کہ ہماری ساری تکالیف دور ہو جائیں۔ ان کے اس ویڈیو پیغام نے سوشل میڈیا صارفین کو آبدیدہ کر دیا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ زبیدہ آپا نئے سال کے آغاز کی مبارکباد کے ساتھ ساتھ کراچی والوں کو ہدایات کر رہی ہیں کیا معلوم تھا کہ وہ نئے سال کا ایک ہفتہ بھی نہیں دیکھ سکیں گی۔