اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن 2018ء کے آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بناء پر کامیابی حاصل کرے گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور اقتدار کے ساڑھے چار سالوں میں ملک کو درپیش بڑے مسائل پر قابو پایا ٗانہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے 2013ء میں جب اقتدار سنبھالا تو
ملک کو امن و امان کی شدید صورتحال اور لوڈ شیڈنگ جیسے بڑے مسائل کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سخت محنت اور بہترین حکمت عملی سے ان مسائل پر قابو پایا ٗامن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور لوڈ شیڈنگ کا ملک سے خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے خیبر تک امن و امان کی بحالی
میں مسلح افواج نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت سے تبدیلی لانے کا حق حاصل ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کو وقت پر کرانے کو یقینی بنانے کیلئے حلقہ بندیوں کا بل جلد سینٹ سے منظور کرا لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بہت سے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں اور یہ بروقت مکمل کئے جائیں گے۔