لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے مزید قرضے پارلیمنٹ کی منظوری سے مشروط کرنے کے لئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کر دی گئی۔بیرسٹر ظفراللہ خاں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تمام معاہدے اور قرضے پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر حاصل کیے ،چین بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے قرضہ دینے کے
لئے اس ڈیم کے مالکانہ حقوق مانگ رہا ہے، اگر ڈیم کے مالکانہ حقوق غیر ملک کو دئیے گئے تو پاکستان کے مفادات کو شدید نقصان پہنچے گا۔کسی قانونی جواز کے بغیر حاصل کئے گئے قرضے ملکی مفادات کے خلاف ہیں۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت کو پابند کیا جائے کہ وہ تمام معاہدے اور قرضے حاصل کرنے سے پہلے پارلیمنٹ میں زیر بحث لائے اور حکومت کو پارلیمنٹ کی منظوری تک قرضے یا بین الاقوامی معاہدے سے روکنے کا حکم دیا جائے ۔