پشاور (آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ سماجی کارکن ریحام خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت ووٹ بنک کے دباؤ کی وجہ سے خواتین کے حقوق کا بل پاس نہیں کروا سکی ۔ صوبے میں تعلیم کی کمی ‘ بے روزگاری اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریحام خان نے پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ان کا کہنا تھا کے پی کے میں بچے غیر محفوظ ہیں صوبے میں
تعلیم کی کمی ‘ بے روزگاری اور تشدد کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں لڑکی سے زیادتی کے واقعے کا وزیر اعلی پرویز خٹک کو فوری نوٹس لینے چاہئے تھا مگر انہوں نے اس پر کچھ بھی نہیں کیا ۔ صوبائی حکومت دباؤ کی وجہ سے خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کا بل بھی پاس نہیں کروا سکی جس کی وجہ سے صوبے بھر میں خواتین غیر محفوظ اور بے یقینی کی صورت حال سے دوچار ہیں۔ ریحام خان نے کہاکہ کرپشن چھپانے اور ٹیکس نہ دینے پر سب کے خلاف یکساں کارروائی ہونی چاہئے تاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور ملک آگے بڑھ سکے ۔ عمران خان کے گھر سے فلاحی کام نہیں کر سکتی تھی اب فلاحی کاموں میں مصروف ہوں کیونکہ فلاحی کام کر کے خدمت خلق کے لئے وقف کر دیا ہے ۔