اسلام آباد(آئی این پی ) سی ڈی اے بورڈ نے میں کثیر المنزلہ عمارت صفاء گولڈ کی لیز منسوخ کرنے کی منظوری دے دی ہے، صفاء گولڈ انتظامیہ کی جانب سے بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر لیز منسوخی کی منظوری دی گئی ہے، صفاء گولڈ کی جانب سے بنا ئی گئیں دو اضافی منزلوں کو گرانے کی بھی منظوری دی گئی ہے،
سیکٹر جی سکس میں سینٹر سیف اللہ بنگش کے پلاٹ کے استعمال کی حیثیت کی تبدیلی کی بھی بورڈ کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے، گرینڈ حیات عمارت کے متاثرین کی جانچ پڑتال کے بعد خصوصی فنڈ قائم کر کے متاثرین کو ادائیگیوں کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا، اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے میں سے پانچ نکات کی منظوری دیتے ہوئے گیارہ نکات کو موخر کر دیا گیا، سی ڈی اے کے بورڈ اجلاس میں بورڈ آف انوسٹمنٹ کی عمارت کی تعمیر کے لیے سرکاری نرخوں پر پلاٹ دینے کی منظوری دے دی گئی جس کی حتمی منظوری وزیر اعظم پاکستان دیں گے۔ اس سے قبل سینٹر بنگش کو پلاٹ دو منزلہ شادی ہال کی تعمیر کے لیے آکشن کے ذریعے دیا گیا تھا تاہم سیکورٹی اداروں کی کلیئرنس نہ ہونے کے باعث مذکورہ پلاٹ کی حیثیت تبدیل کرتے ہوئے پانچ منزلہ عمارت تعمیر کرنے کی منظوری دیتے ہوئے فلیٹس اور دکانیں بنانے کی منظوری دی گئی ہے تاہم پلاٹ کے استعمال کی حیثیت تبدیلی کے چارجز الاٹی سے وصول کئے جائیں گے۔ ڈپٹی ڈی جی ٹریننگ اکیڈیمی غلام سرور سندھو کی ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تنزلی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر بنا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ڈی اے بورڈ کے ایجنڈے سے ہٹ کر سپیشل میٹنگ کے دوران گرینڈ حیات ہوٹل کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ گرینڈ حیات کی غیر قانونی تعمیرات کے بعد سی ڈی اے کی جانب سے عمارت کا قبضہ سنبھال لیا گیا تھا اور اب مذکورہ عمارت کے متاثرین کی جانچ پٹرتال کے بعد خصوصی فنڈ قائم کر کے متاثرین کو ادائیگیوں کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔متاثرین کی جانچ پٹرتال کے حوالے سے آئندہ چند روز میں گرینڈ حیات کی عمارت میں سی ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کا آفس قائم کر دیا جائے گا جو کہ متاثرین کی حتمی فہرست مرتب کر کے ادائیگیوں کا طریقہ کار طے کرے گا۔(ع۔ش)