کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اورسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جیالے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں2018الیکشن کا سال ہے بھرپور تیاریاں کریں اس بار آصفہ بھٹو آپ کے ساتھ ہوں گی، نواز شریف کو قانون کا سامنا کرنا چاہئے ٗتاہم اداروں کو بدنام کرنے کی سازش میں ہم ان کا ساتھ نہیں دے سکتے اور نہ ہی کسی ایک شخص کو بچانے کے لیے جمہوریت کی بساط لپیٹنے کی اجازت دیں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئررہنما شیری رحمان، سندھ کے وزیربلدیات جام خان شورو اور سابق مشیر نادیہ گبول نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔ملاقات میں ملک کی موجودہ صورت حال بالخصوص سندھ کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق صدر آصف زرداری نے دورانِ ملاقات پارٹی رہنماؤں کو آئندہ الیکشن کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی اور کہاکہ کارکنان کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ 2018 الیکشن کا سال ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں آصفہ بھٹو جیالوں کے ساتھ ہوں گی اور نواب شاہ سے لیکر ہر ایک ایک حلقہ آصفہ بھٹو کا منتظر ہوگا اور پھر سے دھما دم مست قلندر ہوگا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ اس بارجو پی پی کے جیالوں کے ساتھ نہیں ہوگا وہ پچھتائے گا اور اگلے سیاسی سیٹ اپ میں عوام کی اپنی حکومت کو دوام حاصل ہوگا۔