اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ن لیگ کے بڑوں کے لاہور میں ہونیوالے مشاورتی اجلاس کی کہانی سامنے آگئی، ن لیگ نے قومی اسمبلی کی تحلیل پر حتمی غور شروع کر دیا ، آج یا کل قومی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے حتمی مشاورتی عمل مکمل ہو جائے گا، ن لیگ میں با اثر اور بڑا حلقہ قومی اسمبلی کی تحلیل کیلئے دبائو ڈال رہا ہے تاکہ ملک میں عام انتخابات کی داغ بیل ڈالی جا سکے،
شہباز شریف اسمبلیوں کی وقت سے پہلے تحلیل کے خلاف ہیں، 48گھنٹوں میں قومی اسمبلی کی زندگی کا فیصلہ کر لیا جائے گا، سینئر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات نجی ٹی وی چینل ٹونٹی فور نیوز پر ٹھیک اس وقت جب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزیراعظم نواز شریف اور ن لیگ کی اعلیٰ قیادت سے ملنے کیلئے لاہور پہنچے تو سینئر صحافی چوہدری غلام حسین نے چینل پر دعویٰ کرتے ہوئے خبر دی ہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کی زندگی سے متعلق آئندہ 48گھنٹوں میں فیصلہ کر لیا جائے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ن لیگ کی اعلیٰ قیادت سے قومی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے مشاورت کیلئے لاہور پہنچے ہیں۔ ان کی شہباز شریف سمیت دیگر قیادت سے ملاقات میں قومی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے حتمی مشاورت ہوئی ہے ۔ چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ن لیگ میں بااثر اور بڑے حلقے کے شدید دبائو میں ہیں جو کہ قومی اسمبلی کی فوری تحلیل کا مطالبہ کر رہا ہے تاکہ ملک میں وقت سے پہلے عام انتخابات کی داغ بیل ڈالی جا سکے جبکہ دوسری جانب شہباز شریف قومی اسمبلی کی وقت سے پہلے تحلیل کے سخت خلاف ہیں اور ان کا موقف ہے کہ اگر قومی اسمبلی وقت سے پہلے تحلیل کر دی گئی تو ن لیگ کے پاس بچی کچھی سیاسی ساکھ بھی دائو پر لگ جائے گی۔