اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر پاناما کیس کی روشنی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف مالی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات انجام دینے والی مشترکہ تفتیشی ٹیم کے ارکان کو فراہم کردہ اضافی سیکیورٹی کو واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس رپورٹس ہیں کہ جے آئی ٹی ارکان اور ان کے بچوں کو ضرورت سے زیادہ سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں
نے کہا کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ جے آئی ٹی ارکان کے بچے سبزی لینے بھی جاتے ہیں تو رینجرز کی گاڑی ان کے ساتھ جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت نے جے آئی ٹی اراکین کو حاصل اضافی سیکیورٹی کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی ارکان کو صرف ضرورت کے مطابق سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی ارکان سے متعلق بہت کچھ لکھا ہے، اس کے احکامات کے مطابق جے آئی ٹی ارکان کو بہت کچھ مل رہا ہے۔