کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کرپشن کے الزام میں گرفتار پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم اور پی ایس پی اتحاد کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ میاں بیوی راضی تو کیا کریگا قاضی، وہ بدھ کو سندھ اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے انضمام سے متعلق میڈیا پر خبریں سنی ہیں تاہم اس حوالے سے کوئی ٹھوس چیز سامنے نہیں ہے ملکی مفاد میں تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہئے اسی میں ملک و قوم کی بھلائی ہے۔ایک سوال کے
جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق ویراعظم نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیشی کے وقت وی وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے فرد جرم عائد ہونے کے باوجود نواز لیگ کے رہنما آزاد گھوم رہے ہیں، انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے نیب کا یہ دوہرا معیار ہے جو ختم ہونا چاہئے۔شرجیل میمن نے ایک اور سوال کے جواب میں کہاکہ ایم کیوایم کے دو ارکان قومی اسمبلی کی سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کا علم نہیں ہے تاہم ایم کیوایم سمیت دیگر جماعتوں کے لوگ پیپلزپارٹی سے رابطے میں ہیں آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی میں زیادہ نشستیں حاصل کریگی۔