اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) شدید سموگ اور دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو ،تھری اور فور مختلف مقامات پر ٹریفک کے لئے بند رہا جس کے باعث نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس اور محکمہ موسمیات نے شدید دھند اور سموگ کے باعث شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ۔اتوار کو محکمہ موسمیات کے حکام نے اپنے
پیغام میں شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں ، آئندہ ہفتے پنجاب میں ہلکی اور گہری دھند برقراررہنے کا امکان ہے اس لئے ان علاقوں کے سفر سے گریز کریں جہاں شدید دھند اور سموگ کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔حکام نے بتایاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں اگلے بارہ گھنٹوں کے دوران شدید دھند برقراررہنے کا امکان ہے اورلاہور سے پنڈی بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹر وے پر اتوار کی صبح ہلکی اور شدید دھند رہی جس پرشدید سموگ کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور تاکوٹ مومن اور ایم تھری فیصل آباد تا پنڈی بھٹیاں بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردی گئی۔موٹروے پولیس کے کنٹرول روم کے مطابق موٹروے کے ان حصوں میں حدنگاہ صفر ہے۔دریں اثناء موٹروے پولیس کے حکام نے سموگ کے باعث دوران سفر احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کی ٗجڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے ٹریفک حکام نے بھی شہریوں کو ہدایت کی کہ شہری سموگ کے اثرات سے بچنے کے لئے عینک اور ماسک کا استعمال کریں اورسفرکے دوران اور بعد میں آنکھو ں کو پانی سے دھوئیں۔انھوں نے بھی غیر ضروری سفر اورطویل سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ۔