اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان ایٹمی توانائی کمیشن شاہد ریاض خان نے کہا ہے کہ سموگ کی وجہ سے ایٹمی بجلی گھر متاثر نہیں ہوئے بلکہ چشمہ ٹو اور تھری بجلی کی طلب بڑھنے کے باعث ٹرپ کرگئے، مرمتی کام تیزی سے جاری ہے اور اتوار تک چشمہ ٹو اور تھری فعال ہو جائیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ترجمان شاہد ریاض خان نے اپنے ایک بیان میں سموگ کی وجہ سے ایٹمی بجلی گھروں کے متاثر ہونے
کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سموگ سے ایٹمی بجلی گھر متاثر نہیں ہوتے ٗچشمہ ون مکمل طورپر فعال ہے اور سسٹم کو تین سومیگاواٹ بجلی فراہم کررہا ہے جبکہ چشمہ ٹو اور تھری بجلی کی طلب بڑھنے کے باعث ٹرپ کرگئے تھے، ان پر مرمتی کام تیزی سے جاری ہے اور دونوں بجلی گھر اتوارتک فعال ہوجائیں گے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ چشمہ فور ضروری مرمت کے باعث بند ہے یہ بجلی گھر بھی جلد فعال ہوجائے گا۔