لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق اور وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی ۔ جاتی امراء رائے ونڈ میں نواز شریف کی رہائشگاہ پر ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق نوازشریف سے ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق کی ملاقات کے دوران موجودہ صورتحال پر گفتگو سمیت آئندہ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال اور حکمت عملی طے کی گئی ۔ اسپیکر قومی
اسمبلی نے نواز شریف کو مردم شماری کے تناظر میں پارلیمانی نشستوں کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ملاقات میں اس بات کا حتمی فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف 12نومبرکو ایبٹ آباد جلسے سے عوامی مہم کا آغاز کریں گے اور اس کے بعد آئندہ کے جلسوں کاشیڈول جاری کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں سابق وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں بھی رابطہ مہم تیز کرنے بارے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پارٹی کے اندر جاری گروپ بندی ختم کرانے کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو ٹاسک دیا۔