لاہور( این این ائی) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے نام لاہور میں کوئی جائیداد نہ ہونے بارے نیب کو جوابی خط ارسال کر دیا ۔نیب لاہور نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیٹوں حسن اور حسین نواز کی جائیداد
قرقی کے لئے 26اکتوبر کو ای ڈی اے کو خط لکھا تھا جس میں حسن نوازاورحسین نواز کی لاہور میں جائیداد کا ریکارڈ طلب کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کی جانب سے نیب لاہور کو جوابی خط لکھا گیا ہے جس کے مطابق حسن نوازاور حسین نواز کی لاہور میں کوئی جائیداد نہیں ۔ نیب لاہور نے حسن نواز اور حسین نواز کی گاڑیوں کی تفصیلات کیلئے محکمہ ایکسائرز اینڈ ٹیکسیشن کو بھی مراسلہ بھیجا ہے جس کا تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔واضح رہے کہ پاناما کیس میں سابق وزیر اعظم نوازشریف کے صاحبزادوں حسن نوازاور حسین نواز کی جائیداد قرق کرنے کے عمل سے متعلق رپورٹ جمع کرائی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا پاناما کیس کے تین ریفرنسز میں مفرور ملزمان حسن نوازاور حسین نواز کے چھ کمپنیوں میں شیئرز ہیں۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نوازشریف کے صاحبزادوں کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس الگ کر دئیے تھے جبکہ مسلسل طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔