رائے ونڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع رائے ونڈ میں شروع ہوگیا ،پہلے روز شرکاء کی تعداد 2لاکھ سے تجاوز کرگئی ،قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔امام تبلیغی مرکز مولانا محمدجمیل نے شرکاء کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دعوت وتبلیغ کو پوری دنیا میں پھیلانا صرف تبلیغی جماعت کا کام ہی نہیں ہر کلمہ گو کی ذمہ داری ہے۔تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت کے عالمی اجتماع کا پہلامرحلہ گزشتہ روز
رائے ونڈ میں شروع ہو گیا ،اجتماع کا آغازمولانا محمدجمیل امام تبلیغی مرکز کے ابتدئی بیان سے ہوا جس میں انہوں نے شرکاء کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دعوت وتبلیغ کاکام انبیائے اکرام کا کام ہے جنہوں نے اللہ کی واحدانیت کی دعوت کو پوری دنیا میں پھیلایا حضور اکرمؐ کی نبوت کے بعد نبوت کا دروازہ بندہو گیا ہے اس عظیم کام کی ذمہ داری اب امت پر آن پڑی ہے اس دعوت کو پوری دنیا میں پھیلانا صرف تبلیغی جماعت کا کام ہی نہیں ہر کلمہ گو کی ذمہ داری ہے ۔پہلے روز شرکاء کی تعداد 2لاکھ سے تجاوز کرگئی ،قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔تبلیغی اجتماع کے انتظامات کے حوالے سے ریلوئے اسٹیشن پر استقبالیہ کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں آنیوالے لوگوں کی کھانے اور چائے سے تواضع کی جارہی ہے ،ریلوئے اسٹیشن پر موجود تبلیغی کارکنان کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹروں نے دوردراز سے آنیوالے لوگوں کو لوٹنا شروع کردیا ہے ،منہ مانگے کرائے وصول کئے جارہے ہیں لاہور ،رائے ونڈشٹل ٹرین کی اشد ضرورت ہے ۔ریلوئے پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او چودھری محمد طفیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبلیغی زائرین کی حفاظت کو ہر ممکن یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی کے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں ۔