اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے نجی ٹی وی جیو نیوز کے اینکر منیب فاروق کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان کیلئے انصاف کے تقاضے کچھ اور ہیںمنیب فاروق نے مریم نواز سے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ چوہدری نثار جو آپ کے انکل ہیں جو کہتے ہیں کہ انصاف عدلیہ سے ہی ملے گا تو عدلیہ پر تنقید نہ کریں، تو آپ کیوں عدلیہ پر تنقید کرتی ہیں، جس پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں سمجھتی ہوں کہ چوہدری نثار صاحب نے جو بات کہی
وہ ہمدردی میں کہی ہو گی اس پر مجھے کوئی شک نہیں ہونا چاہئے، مگر بات دراصل یہ ہے کہ انصاف کا جو حصول ہے ، انصاف دینا یا نہ دینا تنقید یا عدم تنقید سے مشروط ہے؟ آپ تنقید کریں گے تو آپ کو انصاف نہیں ملے گا، اگر آپ تنقید نہیں کریں گے تو آپ کو انصاف ملے گا، یہی تو میں کہہ رہی ہوں آپ کو کہ ہمارے لئے انصاف کا یہ معیار ہےکہ ہم تنقید کریں گے تو انصاف نہیں ملے گا، اس کا مطلب ہے کہ ادھر غصہ ہے، فیصلہ غصے میں دیا گیا، عجلت میں دیا گیا، میں بھی یہی کہہ رہی تھی۔