اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) 2009میں جب دہشتگردوں نے پاکستان کے دل لاہور میں کرکٹ کھیلنے کیلئے آئی سری لنکن ٹیم کو نشانہ بنایا تو اس حملے میں ایک پاکستانی امپائر احسن رضا بھی شدید زخمی ہوئے تھے۔ احسن رضا حال ہی میں کھیلے گئے پاک سری لنکا ٹی 20میچ میں بھی امپائر کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ احسن رضا نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب میں سٹیڈیم میں داخل ہو رہا تھا تو کوئی ڈر نہیں تھا۔ جب میں نے قذافی سٹیڈیم میں قومی ترانہ سنا تو آنکھوں سے
آنسو جاری ہو گئے۔ میں اسی ہوٹل میں ٹھہرا تھا جہاں سری لنکن ٹیم رکھا گیا تھا اور ناشتے کے دوران سری لنکن کھلاڑیوں اور حکام سے ملاقات ہوئی جس دوران سب نے سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔احسن رضا نے مزید بات کرتے ہوئے 2009کے اس خوفناک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے مجھ پر اور میری زندگی پر بہت گہرا اثر کیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ اب واپس آ رہی ہے جس کا کریڈٹ پاک فوج اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کو دینا پسند کروں گا۔