لاہور (این این آئی) سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں عاصمہ جہانگیر کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار پیر کلیم احمد خورشید غیر حتمی اور غیر سرکار ی نتائج کے مطابق ایک ہزار395ووٹ لیکر سپریم کورٹ بار کے صدرمنتخب ہو گئے۔ سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں صدارتی امیدوار پیر کلیم احمد خورشید واضح برتری سے صدر منتخب ہو گئے،
پیر کلیم احمد خورشید نے ایک ہزار 395ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل صدارتی امیدوار حافظ عبدالرحمن انصاری ایک ہزار 308حاصل کر پائے۔سیکرٹری کی نشست پر صفدر تارڑ نے ایک ہزار اٹھانوے ووٹ حاصل کر کے برتری حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار میاں اسلم چھ سو اڑتیس ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ قمرالزمان قریشی پنجاب سے نائب صدر کی نشست جیت گئے، انتخابی نتائج کا اعلان ہوتے ہی جیتنے والے عہدیداروں کے حامیوں نے جشن منایا، نو منتخب عہدیداروں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔نو منتخب صدر پیر کلیم احمد خورشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وکلا سے کئے وعدوں کو پورا کروں گا اور ان کے حقوق کا تحفظ کروں گا، آئین اور قانون کی بالا دستی کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی اور کرتا رہوں گا۔نومنتخب سیکرٹری سپریم کورٹ بار صفدر حسین تارڑ کا کہنا ہے کہ وہ وکلا کی توقعات پر پورا اتریں گے۔