اسلام آباد(این این آئی)احتساب کمیشن نے عائشہ گلالئی کو کرپشن کیس میں طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق عائشہ گلالئی کے سابق پرسنل سیکرٹری نورزمان کے قتل کے بعد احتساب کمیشن کے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ ہوا
کہ نور زمان کرپشن کیس کا واحد گواہ تھا ،اس لئے احتساب کمیشن کیس جاری رکھے گا۔نور زمان نے عائشہ گلالئی پر ٹینڈراور ٹھیکوں میں کرپشن کا الزام عائد کیا تھا اور کرپشن کے ثبوت احتساب کمیشن کو مہیا کئے تھے۔واضح رہے کہ کچھ دن قبل تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے خلاف کرپشن کے ثبوت دینے والے ٹھیکیدار کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیاتھا۔بتایاگیا ہے کہ پی ٹی آئی کی باغی رکن اسمبلی عائشہ گلالئی کے خلاف کرپشن کے ثبوت دینے والا ٹھیکیدار نورزمان کو نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق ٹھیکیدار نورزمان کو تھانہ تجوڑی کے علاقے تری خیل میں 2 نقاب پوش موٹرسائیکل سواروں نے نقب لگا کر نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ موٹرسائیکل سوار مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق مقتول ٹھیکیدار نورزمان نے میڈیا کو عائشہ گلالئی کے خلاف ثبوت فراہم کئے تھے جبکہ اس نے نیب کو بھی درخواست دے رکھی تھی۔