اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے اینکر مبشر لقمان کی طرف سے پروگرام ’کھرا سچ‘ میں مریم نواز شریف پر جھوٹے الزام لگانے کی پاداش میں چینل 24پر پیمرا کا عائد 5لاکھ روپے جرمانہ برقرار رکھتے ہوئے ٹی وی چینل کی اپیل خارج کر دی ۔ مورخہ 10جون 2016 ء کو مذکورہ بالا پروگرام میں مریم نواز شریف کے بارے ایک غلط رپورٹ نشر کی گئی
کہ انہوں نے وفاقی سیکرٹریوں کے ایک اجلاس کی صدارت کی اور امورِ حکومت چلانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ رپورٹ کے دوران ایک تصویر بھی دکھائی گئی جس میں ظاہر کیا گیا کہ مریم نواز شریف وفاقی سیکرٹریوں کے اجلاس کی صدارت کر رہی ہیں جبکہ حقیقت میں وہ تصویر ایک ایسے اجلاس سے متعلق تھی جس میں مریم نواز شریف بطور چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ بزنس لون پروگرام شریک تھیں اور اجلاس کے شرکاء میں بیشتر نیشنل بینک آف پاکستان کے علاقائی سربراہ تھے ۔ مریم نواز نے غلط اور من گھڑت رپورٹ نشر ہونے پر ٹی وی چینل کے خلاف پیمرا میں شکایت دائر کی ۔ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے ضابطہ کی کاروائی کرتے ہوئے چینل انتظامیہ سے مذکورہ رپورٹ کے حوالے سے ثبوت طلب کئے
تاہم چینل انتظامیہ اپنی رپورٹ کے حق میں کوئی ثبوت /شہادت پیش نہ کر سکی جس پر کونسل آف کمپلینٹس نے لائسنس ہولڈر (چینل 24) پر 5لاکھ روپے جرمانہ کی سفارش کی ۔ بعد ازاں مجاز اتھارٹی نے مورخہ 10اکتوبر 2016ء کونسل آف کمپلینٹس کی سفارش منظور کرتے ہوئے چینل انتظامیہ کو جرمانہ کی رقم جمع کروانے کو کہا ۔ پیمرا کے مذکورہ حکم کو چینل 24نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج مسٹر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے چینل کی اپیل مستردکرتے ہوئے پیمرا کا حکم برقرار رکھا۔