اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کو نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی اتحاد کا حصہ بننے پر امریکہ کی طرف سے انسداد منشیات آپریشنز کیلئے دیئے گئے 9ہیلی کاپٹرز ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے واپس لے لئے ،4ہیلی کاپٹرز 15اکتوبر جبکہ 5ہیلی کاپٹر
پیر کو واپس کئے گئے ہیں ، ان ہیلی کاپٹرز کی واپسی سے انسداد منشیات کے خلاف جاری آپریشنز متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق سال 2002میں امریکہ نے انسداد منشیات آپریشنزکیلئے وزارت داخلہ کو 9ہیلی کاپٹرز دیے تھے جبکہ ان ہیلی کاپٹرز پر آنے والے اخراجات بھی امریکہ ہی برداشت کر رہی تھا ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالا تو امریکی محکمہ داخلہ نے حکومت پاکستان کو یہ ہیلی کاپٹرز واپس کرنے کیلئے خط لکھا اور وزارت داخلہ کی طرف سے ہیلی کاپٹرز واپس نہ کرنے کا معاملہ امریکی محکمہ داخلہ کے ساتھ اٹھایا گیا تاہم پاکستان کی درخواست کو مسترد کردیا گیا اور 15اکتوبر تک 9ہیلی کاپٹرز واپس کرنے کی ڈیڈلائن دی گئی تاہم پہلے مرحلے میں چار ہیلی کاپٹرز امریکہ کو واپس کئے گئے اور دوسرے مرحلے میں پیر کو مزید پانچ ہیلی کاپٹرز بھی امریکہ کے حوالے کردیے گئے ، یہ ہیلی کاپٹرز امریکہ کا ٹرانسپورٹ طیارہ اسلام آباد سے لیکر گیا ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹرز کی واپسی سے بلوچستان اور دیگر علاقوں میں انسداد منشیات کے خلاف جاری آپریشنز متاثر ہوں گے ۔